Your renting rights and responsibilities

Skip listen and sharing tools

نوٹ: اس صفحے کا مقصد یہ ہے کہ کمیونٹی اور وکالتی تنظیموں کو ہمارے دیگر زبانوں کے سیکشن میں فراہم کردہ صفحات کا انگریزی زبان میں مساوی ورژن فراہم کیا جائے۔ کرایہ داری کے متعلق مکمل معلومات کے لئے ہمارا کرایہ داری کا سیکشن دیکھیے۔

آپ کے کرایہ داری کے حقوق و فرائض

کسی پراپرٹی کو کرائے پر لیتے ہوئے آپ پر کچھ حقوق و فرائض لاگو ہوتے ہیں۔ اس صفحے پر آپ کو کرایہ داری کا تعارف فراہم کیا گیا ہے اور ضرورت ہونے پر مزید معلومات کی تلاش میں مدد دی گئی ہے۔

2021 میں وکٹوریا نے کرایہ داری کے قوانین میں اہم تبدیلیاں کی ہیں۔ نئے اصولوں کے متعلق پڑھیں۔

اس صفحے پر:

یہ فیصلہ کرنا کہ آیا یہ پراپرٹی آپ کے لئے صحیح ہے

جب آپ کسی کی پراپرٹی کو رہائش کے لئے کرائے پر لیتے ہیں تو آپ رہائشی کرایہ داری کا معاہدہ قبول کرتے ہیں۔ یہ قانونی دستاویز ہوتی ہے اور معاہدہ ختم کرنے میں وقت لگ سکتا ہے، تو آپ کو پراعتماد ہونا چاہیے کہ یہ پراپرٹی آپ کے لئے درست ہے۔

کرایہ داری کا معاہدہ قبول کرنے سے قبل ضروری ہے کہ کرایہ پر دینے والا فرد (مالک مکان) آپ کو چند معلومات فراہم کرے۔ انہیں لازمی انکشافات کہتے ہیں۔ اس میں درج ذیل شامل ہوتا ہے:

  • آیا کرایہ پر دینے والے فرد نے پراپرٹی فروخت کرنے کے لئے کسی ایجنٹ سے رابطہ کیا ہے یا پراپرٹی کی فروخت کا معاہدہ تیار کیا گیا ہے۔
  • آیا وہ پراپرٹی کا مالک ہے یا اگر ایسا نہیں ہے تو اسے پراپرٹی کرائے پر دینے کا حق حاصل ہے۔
  • آیا کرائے کی پراپرٹی یا عام پراپرٹی پر گزشتہ 5 سالوں میں کسی کا قتل ہوا ہے۔
  • آیا کرائے کی پراپرٹی میں ایسبیسٹاس موجود ہے۔

لازمی انکشافات کے تقاضوں کے متعلق مزید معلومات کے لئے دیکھیے معاہدے پر دستخط کرتے ہوئے اپنے حقوق کا علم رکھنا۔

کرایہ پر دینے والوں کی جانب سے امتیازی سلوک

وکٹوریا میں چند ذاتی خصوصیات کی بنیاد پر کسی کے خلاف امتیاز برتنا غیر قانونی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ کرایہ پر دینے والے اور ریئل ایسٹیٹ ایجنٹس قانون کے زیر تحفظ آنے والی ذاتی خصوصیات کی بناء پر آپ کو رہائش دینے سے انکار نہیں کر سکتے یا کرایہ داری کی مدت کے دوران آپ سے امتیاز نہیں برت سکتے۔

جب آپ کرائے کی پراپرٹی کے لئے درخواست دیں، کرائے کی پراپرٹی پر قبضہ حاصل کریں یا کرائے کی پراپرٹی چھوڑیں تو کرایہ پر دینے والے فرد یا اس کے ایجنٹ کی جانب سے ان ذاتی خصوصیات کی بناء پر آپ سے ناگوار یا امتیازی سلوک غیر قانونی ہے۔

پراپرٹی کرایہ پر دینے والوں سے درکار ہے کہ ہر مرتبہ آپ کی جانب سے کرائے کی پراپرٹی کی درخواست کیے جانے پر کرائے کی درخواستوں کے فارم کے حصے کے طور پر آپ کو امتیاز کے متعلق معلومات فراہم کریں۔

کرایہ داری میں امتیاز کے متعلق مزید معلومات کے لئے کرایہ داری میں غیر قانونی امتیاز دیکھیے۔

وہ سوالات جو کرایہ پر دینے والا فرد آپ سے نہیں پوچھ سکتا

اگر آپ کرائے کی پراپرٹی کے لئے درخواست دے رہے ہیں تو کرایہ پر دینے والا فرد آپ سے نہیں پوچھ سکتا کہ:

  • آیا ماضی میں آپ کا کسی کرایہ پر دینے والے فرد (یا دیگر رہائش فراہم کنندہ) سے تنازعہ رہا ہے
  • آیا آپ کے بانڈ پر کبھی کوئی دعویٰ دائر کیا گیا ہے
  • آپ کے روزمرہ کے تمام مالی لین دین پر مشتمل کریڈٹ یا بینک اسٹیٹمنٹ - کرایہ پر دینے والا فرد اسٹیٹمنٹ طلب کر سکتا ہے مگر آپ اپنی پرائیویسی کے تحفظ کے لئے کچھ لین دین مٹا سکتے ہیں۔
  • مساوی مواقع کے قانون 2010کے زیر تحفظ خصوصیات کے متعلق کوئی معلومات، ماسوائے یہ کہ اس معلومات کے تقاضے کی وجہ تحریری شکل میں فراہم کی جائے۔

کبھی کبھار کرایہ پر دینے والے افراد دیگر ذرائع سے یہ معلومات حاصل کر لیتے ہیں۔ مگر جب آپ پراپرٹی کے لئے درخواست دیں تو وہ آپ سے یہ معلومات طلب نہیں کر سکتے۔

کرایہ داری کے معاہدے کا آغاز

جب آپ کسی کی پراپرٹی کو رہائش کے لئے کرائے پر لیتے ہیں تو آپ رہائشی کرایہ داری کا معاہدہ قبول کرتے ہیں (کبھی کبھار اسے لیز یا کرائے کا معاہدہ بھی کہا جاتا ہے)۔

معاہدہ تحریری یا زبانی ہو سکتا ہے مگر اسے تحریری شکل میں رکھنا بہتر ہوتا ہے۔

کرایہ داری کے معاہدے آپ اور کرایہ پر دینے والے فرد کے درمیان کنٹریکٹ ہوتے ہیں۔ ان میں درج ذیل معلومات شامل ہوتی ہیں:

تحریری شکل میں کرایہ داری کا معاہدہ قبول کرتے ہوئے ضروری ہے ک آپ 'مجوزہ فارم' استعمال کریں۔ وکٹوریا کا کرایہ داری کا قانون مجوزہ فارم کی تعریف بیان کرتا ہے۔ ہماری تجویز ہے کہ آپ ہمارا آفیشل فارم استعمال کریں۔

پانچ سال یا کم عرصے کے مقررہ مدت کے معاہدوں کے لئے ہم اپنے آفیشل فارم کے استعمال کا مشورہ دیتے ہیں۔

فارم 1۔

پانچ سال سے زائد عرصے کے مقررہ مدت کے معاہدوں کے لئے ہم اپنے آفیشل فارم کے استعمال کا مشورہ دیتے ہیں

فارم 2۔

کرایہ دار یا کرایہ پر دینے والا فرد کرایہ داری کے معاہدے میں شرائط یا اصول شامل کر سکتا ہے، بشرطیکہ وہ رہائشی کرایہ داری کے قانون سے منافی نہ ہوں۔

مثال کے طور پر کرایہ پر دینے والا فرد پراپرٹی میں سگریٹ نوشی نہ کرنے کے متعلق اصول شامل کر سکتا ہے۔ یا کرایہ دار یہ اصول شامل کرنے کا مطالبہ کر سکتا ہے کہ ہر دو سال بعد گیس کے تمام آلات کی سروس کروائی جائے گی۔

آپ کو معاہدے پر صرف تب دستخط کرنے چاہئیں اگر آپ کرایہ داری کے معاہدے کے تمام اصول و شرائط کے علاوہ بطور کرایہ دار اپنے حقوق و فرائض سمجھتے ہوں۔

اگر آپ کو کوئی بات سمجھ نہ آئے تو آپ اسے سمجھنے کے لئے ہم سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

رہائش اختیار کرنے سے قبل

ضروری ہے کہ پراپرٹی میں رہائش اختیار کرنے سے قبل آپ کا کرایہ پر دینے والا فرد یا ایجنٹ آپ کو درج ذیل فراہم کرے:

  • آپ کے کرایہ داری کے معاہدے کی نقل
  • معاہدے پر دستخط کرنے والے ہر کرایہ دار کے لئے چابیوں کا سیٹ
  • حالت کی رپورٹ (اگر آپ سے بانڈ کی ادائیگی درکار ہو)
  • فوری مرمت درکار ہونے کی صورت میں رابطہ کی تفصیلات

آپ کو پانی، بجلی، گیس اور ٹیلیفون کی ان کمپنیوں سے رابطہ کرنا چاہیے جنہیں آپ استعمال کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور رہائش اختیار کرنے کے وقت تک یہ سروسز لگوا لینی چاہئیں۔ ان سروسز کا انتظام اور بلوں کی ادائیگی آپ کی ذمہ داری ہے، ماسوائے یہ کہ معاہدے میں کچھ اور بیان کیا گیا ہو۔

مزید معلومات کے لئے سہولیات اور سروسز کا انتظامدیکھیے۔

ہمارے رہائشی کرایہ داری کے معاہدہ فارم میں آپ کو مزید معلومات مل سکتی ہے۔

کرائے کی پراپرٹی کے کم از کم معیارات

ضروری ہے کہ آپ کو کرایہ پر دینے والا کرائے کے کم از کم معیارات کے مطابق پراپرٹی کی دیکھ بھال یقینی بنائے۔ اس میں درج ذیل کو یقینی بنانا شامل ہے:

  • پراپرٹی میں کوئی پھپھوندی، موذی حشرات یا جانور نہ ہوں
  • موجودہ آلات مثلاً اوون اور چولہے ٹھیک کام کرتے ہوں
  • محفوظ اور کارآمد ہیٹر ہو
  • کچن اور باتھ روم میں مناسب مقدار میں گرم پانی آتا ہو
  • پراپرٹی کا ڈھانچہ محفوظ ہو اور موسمی اثرات سے بچاؤ کی خصوصیت رکھتا ہو۔

اگر کرائے کی پراپرٹی کم از کم معیارات پورے نہ کرے تو آپ رہائش اختیار کرنے سے قبل کرایہ داری کا معاہدہ ختم کر سکتے ہیں۔ رہائش اختیار کرنے کے بعد آپ کسی بھی وقت فوری مرمت کی درخواست کر کے کرائے کی پراپرٹی کو کم از کم معیارات پورے کرنے کے قابل بنانے کی درخواست بھی کر سکتے ہیں۔

نوٹ: یہ صرف 29 مارچ 2021 کے بعد دستخط کردہ کرایہ داری کے معاہدوں پر لاگو ہوتا ہے۔ اگر آپ نے اس تاریخ سے قبل اپنے کرایہ داری کے معاہدے پر دستخط کیے تھے تو آپ کو ہمارے کرایہ داری کے نئے قوانین پر منتقل ہونے کے صفحے پر مزید معلومات مل سکتی ہیں۔

کم از کم معیارات کے متعلق مزید معلومات کے لئے دیکھیے، کرایہ کی پراپرٹیز کے لئے کم از کم معیارات۔

بانڈ کی ادائیگی

اکثر کرایہ پر دینے والے افراد رہائش اختیار کرنے سے قبل آپ سے بانڈ کی ادائیگی کا مطالبہ کریں گے تا کہ آپ کی جانب سے پراپرٹی کو نقصان پہنچنے کی صورت میں اس کا ازالہ کیا جا سکے۔

اگر آپ کی جانب سے کوئی نقصان نہ ہو تو پراپرٹی چھوڑنے کے بعد آپ کا بانڈ واپس کر دیا جائے گا۔

اگر آپ کی جانب سے پراپرٹی کو نقصان پہنچا ہو تو پراپرٹی چھوڑنے کے بعد کرایہ پر دینے والا فرد بانڈ کا تمام یا کچھ حصہ استعمال کرتے ہوئے نقصان کا ازالہ کر سکتا ہے۔

آپ کے معاہدے کے اختتام تک بانڈ کی رقم ایک خودمختار تنظیم رہائشی کرایہ داریوں کی بانڈ اتھارٹی (RTBA) کے پاس رکھوائی جاتی ہے۔ کرایہ پر دینے والے کو رقم تک رسائی حاصل نہیں ہوتی، ماسوائے یہ کہ آپ کے پراپرٹی چھوڑنے کے بعد اسے اس کی ضرورت پڑے۔

اگر آپ کو کرایہ پر دینے والا فرد بانڈ لے تو ضروری ہے کہ وہ:

  • RTBA کے پاس اسے جمع کروائے
  • آپ کو بانڈ جمع کروانے کا مکمل شدہ فارم دے تاکہ آپ دستخط کر سکیں
  • حالت کی رپورٹ تیار کرے جس میں پراپرٹی کی عام حالت بیان کی گئی ہو

آپ کو RTBA کی جانب سے رسید موصول ہو گی جس میں ظاہر کیا جائے گا کہ آپ کا بانڈ جمع ہو چکا ہے۔ اپنے بانڈ کی رسید کو محفوظ رکھنا یقینی بنائیں۔ اگر ادائیگی کے 15 دن کے اندر اندر آپ کو بانڈ کی رسید موصول نہ ہو تو RTBA سے رابطہ کریں۔

حالت کی رپورٹ

 حالت کی رپورٹ میں آپ کے رہائش اختیار کرنے کے وقت پراپرٹی کی حالت بیان کی جاتی ہے۔

اگر پراپرٹی میں پہلے سے کوئی مسائل ہوں، جیسے کوئی چیز ٹوٹی ہوئی یا خراب ہو تو اسے رپورٹ میں بیان کیا جانا چاہیے۔

آپ کی دوبارہ منتقلی کے وقت حالت کی رپورٹ کو استعمال کرتے ہوئے دیکھا جاتا ہے کہ آیا آپ نے پراپرٹی کو کوئی نقصان پہنچایا ہے (عام روزمرہ استعمال سے پیدا ہونے والے چھوٹے موٹے بگاڑ کے علاوہ، جسے استعمال کا مناسب نتیجہ سمجھا جاتا ہے)۔

ضروری ہے کہ آپ کے رہائش اختیار کرنے سے قبل آپ کو کرایہ پر دینے والا فرد یا ایجنٹ آپ کو حالت کی رپورٹ کی 2 دستخط شدہ نقول (یا ایک برقی نقل) فراہم کریں۔ جب آپ کو حالت کی رپورٹ دی جائے تو آپ کو چاہیے کہ:

  1. دیکھیں کہ پراپرٹی محفوظ ہے اور حفاظت سے متعلق کوئی خطرات ہونے کی صورت میں کرایہ پر دینے والے فرد یا ایجنٹ کو آگاہ کریں (جیسے سوئمنگ پول کی ٹوٹی ہوئی باڑ یا بجلی کے مسائل)۔
  2. رپورٹ کی دونوں نقول بھریں۔ تمام موجودہ نقصانات، مثلاً دراڑیں، دیواروں پر نشانات یا ٹوٹے ہوئے ہینڈلز نوٹ کریں۔ اگر آپ کرایہ پر دینے والے فرد یا ایجنٹ کی رپورٹ میں لکھی گئی کسی بات سے غیر متفق ہوں تو اسے بھی نوٹ کر سکتے ہیں۔
  3. اشیاء، نلکوں اور پائپوں کی حالت ظاہر کرنے والی تصاویر لیں۔
  4. رہائش اختیار کرنے کے 3 دن کے اندر اندر کرایہ پر دینے والے فرد یا ایجنٹ کو حالت کی رپورٹ کی ایک دستخط شدہ نقل لوٹائیں۔
  5. دوسری نقل اپنے پاس کسی محفوظ جگہ پر رکھیں۔ ممکن ہے کہ پراپرٹی چھوڑنے کے وقت اپنا بانڈ واپس لینے کے لئے آپ کو اس کی ضرورت پڑے۔

کرایہ داری کے معاہدے کے دوران

کرائے کی پراپرٹی میں آپ کے وقت کے دوران آپ پر چند حقوق و فرائض عائد ہوتے ہیں۔

  • اپنا کرایہ وقت پر ادا کریں۔ آپ کو ہر مرتبہ کرائے کی ادائیگی پر رسید حاصل کرنے کا حق حاصل ہے۔
  • پراپرٹی کو مناسب حد تک صاف رکھیں۔ اگر آپ نے ایسا نہ کیا یا پراپرٹی کو نقصان پہنچایا تو ممکن ہے کہ پراپرٹی چھوڑنے کے وقت آپ کو مکمل بانڈ واپس نہ ملے۔
  • اپنے ہمسایوں کے سکون اور پرائیویسی کا خیال رکھیں اور یقینی بنائیں کہ آپ کے مہمان بھی ایسا ہی کریں۔
  • اگر کسی مرمت کی ضرورت ہو تو کرایہ پر دینے والے فرد یا ایجنٹ کو بتائیں۔
  • آپ پراپرٹی میں چھوٹی موٹی تبدیلیاں کر سکتے ہیں، جیسے تصاویر کے لئے ہکس لگانا۔ مگر آپ کرایہ پر دینے والے فرد کی اجازت کے بغیر پراپرٹی کی تجدید، تبدیلی یا دوبارہ سجاوٹ نہیں کر سکتے۔

آپ کو کرایہ پر دینے والے فرد یا ایجنٹ کو پراپرٹی میں داخل ہونے کا حق حاصل ہے، مگر ضروری ہے کہ وہ کم از کم 24 گھنٹے قبل آپ کو تحریری نوٹس فراہم کریں اور بتائیں کہ وہ کیوں داخل ہونا چاہتے ہیں۔

 کرایہ پر دینے والے فرد یا ایجنٹ کے پراپرٹی میں داخلے کی جائز وجوہات کی فہرست موجود ہے۔ وہ کسی متفقہ وقت اور تاریخ پر بھی پراپرٹی میں داخل ہو سکتے ہیں۔ کرایہ پر دینے والے افراد یا ایجنٹس ہر چھ ماہ میں ایک مرتبہ پراپرٹی کا معائنہ بھی کروا سکتے ہیں، اور آپ کی وہاں رہائش کے پہلے 3 ماہ کے دوران پہلا معائنہ نہیں کروا سکتے۔

تبدیلیاں

آپ کو کرایہ پر دینے والے فرد کی اجازت کے بغیر کرائے کی پراپرٹی میں چند اصلاحات کا حق حاصل ہے۔ اس میں درج ذیل شامل ہیں:

  • کھلی اینٹوں یا کنکریٹ کی دیواروں کے علاوہ دیگر سطحوں پر دیوار کی سجاوٹیں، شیلف یا بریکٹس لگانے کے لئے تصویروں کے ہکس یا پیچ لگانا۔
  • کم پانی استعمال کرنے والے شاور ہیڈز لگانا، بشرطیکہ اصل شاور ہیڈ سنبھال کر رکھا جائے۔
  • بلائنڈ یا تاروں کے اینکرز لگانا۔

دیگر مزید بڑی اصلاحات بھی موجود ہیں جن کے لئے کرایہ پر دینے والے فرد کی رضامندی درکار ہوتی ہے لیکن وہ بلا وجہ اجازت دینے سے انکار نہیں کر سکتے۔ ان اصلاحات کی مکمل فہرست یہاں دیکھی جا سکتی ہے۔

اگر آپ نے اصلاحات کی ہیں تو آپ کو پراپرٹی کو اسی حالت میں واپس کرنا ہو گا جس میں وہ آپ کے کرایہ داری کے معاہدے سے قبل تھی، ماسوائے اس کے کہ کرایہ پر دینے والا فرد اس کے برخلاف رضامند ہو۔

اصلاحات کے متعلق مزید معلومات، بشمول کرایہ پر دینے والا فرد کب اجازت سے انکار کا حق رکھتا ہے، کے متعلق مزید معلومات کے لئے دیکھیے، کرایہ داروں کی جانب سے پراپرٹی میں تبدیلیاں۔

مرمت کروانا

جب اشیاء ٹوٹ جائیں یا خراب ہو جائیں تو آپ کو پراپرٹی میں مرمت کروانے کا حق حاصل ہو گا۔ اگر آپ نقصان نے نقصان نہیں کیا (مثلاً ہیٹر خراب ہو جانا) تو آپ کو ادائیگی کرنے کی ضرورت نہیں۔ اگر آپ نے نقصان کیا ہے تو آپ کو مرمت کا خرچ اٹھانا ہو گا۔

کرایہ پر دینے والے فرد کو اجازت نہیں کہ وہ مرمت کی درخواست کرنے پر آپ کا کرایہ داری کا معاہدہ ختم کر دے۔

مرمت فوری یا غیر فوری ہو سکتی ہے۔ فوری مرمتیں وہ ہوتی ہیں جو عمارت کو محفوظ رہائش کے قابل بنانے کے لئے ضروری ہوں۔ اس میں گیس لیکس، گرم پانی کے خراب سسٹمز یا تالاب کی ٹوٹی ہوئی باڑ شامل ہیں۔

مزید معلومات کے لئے کرایہ کی پراپرٹیز میں مرمتیں دیکھیے۔

اگر آپ کو فوری مرمت درکار ہو

  • اپنے کرایہ پر دینے والے فرد یا ایجنٹ کو تحریری طور پر آگاہ کیجیے اور انہیں اسے فوری طور پر ٹھیک کروانا ہو گا۔ اپنی درخواست تحریری شکل میں دینا اچھا رہتا ہے، خواہ آپ نے ان سے یا اسٹیٹ ایجنٹ سے پہلے فون پر رابطہ کیا ہو۔
  • اگر وہ فوراً مرمت نہیں کرواتے تو آپ خود مرمت کروانے کے لئے 2500 ڈالر تک کی ادائیگی کر سکتے ہیں۔
  • کام کی تمام رسیدیں اور مرمت کی تحریری درخواستوں کی نقول پاس رکھنا یقینی بنائیں۔
  • یہ فارم استعمال کرتے ہوئے اپنے کرایہ پر دینے والے فرد یا ایجنٹ سے مرمت کے اخراجات کی ادائیگی کا مطالبہ کریں۔ انہیں فارم موصول ہونے کے 7 دن کے اندر اندر ادائیگی کرنی ہو گی۔
  • اگر آپ فوری مرمت کا خرچ نہیں اٹھا سکتے، مرمتوں کی قیمت 2500 ڈالر سے زائد ہے یا کرایہ پر دینے والا فرد ادائیگی کرنے سے انکار کر دے تو مشورے کے لئے ہمیں کال کریں۔

اگر آپ کو ٹھیک سے معلوم نہیں کہ آیا فوری مرمت درکار ہے تو فوری مرمتوں کی مکمل فہرست پڑھیں۔

اگر آپ پراپرٹی میں محفوظ رہائش جاری رکھ سکتے ہیں تو مرمت غیر فوری ہے۔ غیر فوری مرمتوں میں ٹوٹی الماری یا ڈش واشرز جیسے کام شامل ہیں۔ ضروری ہے کہ آپ کو کرایہ پر دینے والا فرد غیر فوری مسائل بھی 14 دن کے اندر اندر حل کرے۔

اگر آپ کو غیر فوری مرمت درکار ہو تو:

  • اپنے کرایہ پر دینے والے فرد یا ایجنٹ کو مرمت کے لئے تحریری درخواست دیں۔ آپ ای میل بھیج سکتے ہیں یا یہ فارم استعمال کر سکتے ہیں۔
  • تمام خطوط، ای میلز، ٹیکسٹ میسجز، فارمز اور رپورٹس کی نقول اپنے پاس رکھیں تا کہ اگر کوئی مسئلہ یا تنازعہ ہو تو آپ کے پاس اپنے تمام کاموں اور درخواستوں کا ثبوت ہو۔
  • اگر کرایہ پر دینے والا فرد یا ایجنٹ درخواست موصول ہونے کے 14 دن کے اندر اندر مرمت نہ کروائے تو ہمیں کال کریں یا مرمت کی درخواست کرنے کے لئے VCAT پر اپلائی کریں۔

معاہدے کی تجدید

جب آپ کا کرایہ داری کا معاہدہ اختتام کو پہنچے تو پراپرٹی چھوڑنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ اگر آپ پراپرٹی میں رہائش برقرار رکھنا چاہیں تو آپ کو کرایہ پر دینے والے فرد یا ایجنٹ سے رابطہ کر کے دیکھنا چاہیے کہ آیا آپ نئے معاہدے پر دستخط کر سکتے ہیں یا ماہانہ بنیادوں پر معاہدے کا آغاز کر سکتے ہیں۔ کرایہ داری کے معاہدے کی تجدید (لیز) کے متعلق مزید پڑھیں۔

معاہدے کا خاتمہ

کرایہ داری کا معاہدہ کئی وجوہات کی بناء پر ختم کیا جا سکتا ہے۔ چند عام وجوہات درج ذیل ہیں:

  • کرایہ دار نے پراپرٹی چھوڑنے کا فیصلہ کیا
  • معاہدے کی آخری تاریخ آ گئی
  • کرایہ پر دینے والا فرد پراپرٹی میں رہائش اختیار کرنا چاہتا ہے، اسے فروخت کرنا چاہتا ہے یا بڑی مرمتیں کروانا چاہتا ہے

کرایہ دار نے کرایہ کی ادائیگی چھوڑ دی ہے، دوسروں کو خطرے میں ڈال رہا ہے، پراپرٹی کو بری طرح نقصان پہنچا چکا ہے یا معاہدے کے اصول توڑ رہا ہے

کرایہ داری کے معاہدوں کے خاتمے کی وجوہات کے متعلق مزید معلومات کے لئے کرایہ داروں کا نوٹس دینا یا تشدد، خطرناک رویے اور سنگین نقصان پر فوری نوٹس دیکھیے۔

اگر آپ اپنا معاہدہ ختم کرنا چاہتے ہیں

جب آپ کرائے کی پراپرٹی چھوڑنا کرنا چاہتے ہیں تو ضروری ہوتا ہے کہ آپ کرایہ پر دینے والے فرد کو نوٹس کی درست رقم ادا کریں اور پراپرٹی کو صاف حالت میں چھوڑ کر جائیں۔

  • ہم سے بات کریں اور جانیں کہ آپ کو کتنا نوٹس دینا ہو گا۔ یہ آپ کے حالات کے مطابق مختلف ہو گا۔
  • کرایہ پر دینے والے فرد یا ایجنٹ کو ای میل یا خط کے ذریعے تحریری شکل میں بتائیں کہ آپ کب مکان چھوڑنا چاہتے ہیں۔
  • تمام بقایا کرایہ جات اور بل ادا کریں۔
  • اپنا بانڈ واپس لینے کے لئے کرایہ پر دینے والے فرد یا ایجنٹ سے رابطہ کریں
  • پراپرٹی صاف کریں اور اپنا تمام سامان ساتھ لے کر جائیں۔
  • حالت کی رپورٹ پاس رکھیں، مبادا بانڈ واپس لینے میں کوئی مسئلہ درپیش ہو۔
  • اپنے کرایہ پر دینے والے فرد یا ایجنٹ کو رابطے کا پتہ اور فون نمبر دے کر جائيں۔

بانڈ واپس لینا

کرایہ پر دینے والے افراد آخری مرتبہ معائنہ کریں گے اور حالت کی رپورٹ استعمال کرتے ہوئے پراپرٹی میں کی گئی تبدیلیوں کا موازنہ کریں گے۔ وہ آپ کو بتائیں گے کہ آیا بانڈ کے کچھ حصے کا دعویٰ کرنے کے لئے کوئی مناسب وجہ موجود ہے۔

اگر آپ کرایہ پر دینے والے فرد کے دعویٰ کردہ بانڈ کے حصے سے متفق نہ ہوں تو بانڈ کے دعوے پر دستخط نہ کریں۔ مفت مشورے کے لئے ہم سے رابطہ کریں۔

کبھی بانڈ کے دعوے کے خالی فارم پر دستخط نہ کریں۔

معاہدے کا جلد خاتمہ (لیز توڑنا)

اگر آپ آخری تاریخ سے قبل کرائے کی پراپرٹی چھوڑنا چاہتے ہیں تو ممکن ہے کہ آپ کو کچھ ادائیگی کرنی پڑے تا کہ کرایہ پر دینے والے فرد کا نقصان نہ ہو۔

اگر کرایہ پر دینے والے فرد کو فوراً نیا کرایہ دار نہ مل سکے تو ممکن ہے کہ پراپرٹی چھوڑنے کے باوجود آپ کو کرایہ ادا کرنا پڑے۔

لیکن ضروری ہے کہ آپ کے ادا کردہ اخراجات مناسب ہوں اور کرایہ پر دینے والا فرد نئے کرایہ دار تلاش کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے۔ مناسب اخراجات کا مطلب وہ اخراجات ہیں جو زیادہ تر افراد کے خیال میں منصفانہ ہوں۔ قانون میں مناسب اخراجات کی واضح تعریف موجود نہیں، اس لئے اگر لوگ مناسب اخراجات پر رضامند نہ ہوں تو وہ VCAT پر درخواست دے کر اپنے لئے فیصلہ کروا سکتے ہیں۔

معاہدے کے جلد خاتمے کے متعلق مزید پڑھیں۔

کرایہ داری کا معاہدہ منتقل کرنا

کرایہ داری کا معاہدہ جلد ختم کر کے اخراجات ادا کرنے کے بجائے ممکن ہے کہ آپ کسی اور کو معاہدہ منتقل کر سکیں۔

ایسا کرنے کی صورت میں ممکن ہے کہ آپ کو پھر بھی منتقلی کی فیس ادا کرنی پڑے، لیکن یہ فیس اس حوالے سے کیے جانے والے کام کی مناسبت سے منطقی ہونی چاہیے۔ کرایہ داری کا معاہدہ منتقل کرنے کے متعلق مزید پڑھیں۔

پراپرٹی چھوڑنے کا کہا جانا (مکان خالی کرنے کا نوٹس موصول ہونا)

کرایہ پر دینے والے افراد آپ سے پراپرٹی چھوڑنے کا مطالبہ کر سکتے ہیں، مگر اس کی مناسب وجہ ہونی چاہیے۔ مثال کے طور پر:

  • کرایہ داری کا معاہدہ ختم ہو چکا ہو
  • پراپرٹی افراد کی رہائش کے قابل نہ رہی ہو
  • آپ پر کم از کم 14 دن کا کرایہ واجب ہو۔

بطور کرایہ دار اپنے حقوق کے مطابق کچھ کرنے یا کرنے کا کہنے پر کرایہ پر دینے والا فرد کرایہ دار کو مکان خالی کرنے کا نوٹس نہیں دے سکتا۔

مثال کے طور پر کرایہ پر دینے والا فرد درج ذیل وجوہات کی بنیاد پر کرایہ دار کو نوٹس نہیں دے سکتا:

  • مرمت کی درخواست کرنا
  • پالتو جانور رکھنے کی درخواست کرنا
  • کرائے میں اضافے کو چیلنج کرنا۔

لیکن ایسی دیگر وجوہات موجود ہیں جن کے باعث کرایہ پر دینے والا فرد کرایہ داری کا معاہدہ ختم کرنے کی خواہش ظاہر کر سکتا ہے۔ وہ تمام وجوہات جن کی بناء پر کرایہ پر دینے والا فرد آپ سے پراپرٹی چھوڑنے کی درخواست کر سکتا ہے، یا اسے آپ کو کتنا نوٹس دینا ہو گا، کے متعلق جاننے کے لئے دیکھیے، کرایہ کی پراپرٹیز خالی کرنے کا نوٹس۔

مکان خالی کرنے کے نوٹس کو چیلنج کرنا

اگر آپ کے خیال میں آپ کو مکان خالی کرنے کے لئے دیا جانا والا نوٹس ٹھیک نہیں تھا یا آپ کے خیال میں کرایہ پر دینے والے فرد کی بیان کردہ وجہ غلط یا ناانصافی پر مبنی تھی تو آپ نوٹس کر چیلنج کر سکتے ہیں۔ مزید معلومات کے لئے ہم سے رابطہ کریں۔

اخراج (ملکیت کا آرڈر موصول ہونا)

اگر آپ کو نکالا جا رہا ہے اور مدد درکار ہے تو مفت مشورے کے لئے ہم سے رابطہ کریں۔

یاد رکھی جانے والی اہم باتیں

  • جب تک آپ کو کسی چیز کا مطلب سمجھ نہ آئے، اس پر دستخط نہ کریں۔
  • کبھی خالی فارم پر دستخط نہ کریں، خواہ وہ دیکھنے میں آفیشل معلوم ہو۔
  • اپنے دستخط والی ہر شے کی نقل پاس رکھیں۔
  • کرایہ پر دینے والے فرد یا ایجنٹ سے تمام مواصلت کی نقول پاس رکھیں۔
  • جب بھی آپ کو کوئی ادائیگی کرنی ہو تو رسید طلب کریں۔
  • اپنے بانڈ کی رسید اور کرائے یا مرمتوں کی دیگر رسیدیں محفوظ جگہ پر رکھیں۔

کرایہ داری کا کوئی مسئلہ یا سوال ہونے کی صورت میں مفت مشورے کے لئے ہم سے رابطہ کریں۔

ترجمان کے ساتھ کنزیومر افیئرز وکٹوریا سے بات کرنے کے لئے 50 14 13 پر کال کریں۔

Skip video: Bonds Urdu
Video skipped
Skip video: Repairs Urdu
Video skipped